ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتحاد کے اصولوں کو جے ڈی ایس ،کانگریس دونوں کو ماننا چاہئے :کمارسوامی

اتحاد کے اصولوں کو جے ڈی ایس ،کانگریس دونوں کو ماننا چاہئے :کمارسوامی

Tue, 26 Mar 2019 12:45:38    S.O. News Service

میسورو،26مارچ(ایس او نیوز؍یواین آئی) وزیراعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا کہ جے ڈی ایس اتحاد کے اصولوں پر عمل کرے گی، اور دوسری پارٹی کو بھی ایسا ہی کرنا چاہئے ۔مسٹر کمارسوامی نے منڈیا لوک سبھا حلقے کے لئے اپنے بیٹے نکھل کمارسوامی کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے پہلے خاص پوجا کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ منڈیا،ہاسن اورٹمکور لوک سبھا سیٹوں پراتحاد کے اصولوں پر کچھ اختلاف ہے ۔کانگریس لیڈروں سے شمالی بنگلوروسمیت اپنی پارٹی کی آٹھ لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ،‘‘میں کانگریس لیڈروں کے ساتھ ریاست کے سبھی 28لوک سبھا علاقوں میں مشترکہ انتخابی مہم کے لئے تیار ہوں اور میں ایسی ہی امید کانگریس لیڈروں سے بھی رکھتا ہوں۔وزیراعلیٰ کمار سوامی نے اس بات پر برہمی ظاہر کی کہ جب سے انتخابات کا اعلان ہوا ہے کانگریس پارٹی کی طرف سے ریاست میں کسی نہ کسی موضوع پر اتحادی جماعتوں کے درمیان انتشار پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ منڈیا، ہاسن، اور ٹمکور ان تینوں حلقوں میں جے ڈی ایس امیدواروں کو ہرانے کے لئے کچھ حلقوں سے منظم سازشیں رچائی جارہی ہیں۔ ان سازشوں کا مقصد یہی ہے کہ سیاسی طور پر دیوے گوڈا کے خاندان کا خاتمہ کردیاجائے۔ پچھلے پچاس سالوں سے یہ کوشش ہوتی رہی ہے لیکن اس میں کامیابی نہیں ملی ہے۔انہیں یقین ہے کہ یہ سازشیں دوبارہ ناکام ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ صرف جے ڈی ایس کو کمزور کرنے کے لئے ریاست کا ایک مخصوص سیاسی طبقہ ہمہ وقت متحرک رہا ہے۔ منڈیا میں آزاد امیدوار سمالتا کے اس بیان پر کہ منڈیا حلقے میں کمار سوامی امبریش کا نام لئے بغیر انتخابی مہم نہیں چلاسکتے۔ وزیراعلیٰ نے چیلنج کیا کہ پوری انتخابی مہم کے دوران وہ یہ عہد کرتے ہیں امبریش کا نام لئے بغیر اپنے فرزند کمار سوامی کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ کمار سوامی نے سمالتا کی طرف سے بیان بازی کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور امبریش کے کافی قریبی دوست رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ امبریش کو کون ستا رہاتھا، بہتر ہے کہ انہیں زبان کھولنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ منڈیا کے عوام کے لئے انہوں نے کیا کیا ہے یہ منڈیا کے کسانوں سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔البتہ منڈیا کے لئے سمالتا کی کیا دین ہے یہ سوال ہر کوئی کرسکتاہے۔ کسانوں کے قرضوں کی معافی سے لے کر یہاں کسانوں کے ساتھ فصل بونے کے سلسلے میں شریک ہوکر انہوں نے ان کے سکھ دکھ میں شامل ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ منڈیا میں کسانوں کے کیا مسائل ہیں اور انہیں سلجھانے کے لئے کیا قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ان پر نکتہ چینی کرنے والے کسانوں کے مسائل حل کرنا تو دور کی بات صرف یہ بتادیں کہ ان کے مسائل کیا ہیں۔ 


Share: